تصویر کے کاپی رائٹ ALEXIS GRANADOS

ایک امریکی جوڑا بلیک فرائیڈے سیل کی لمبی قطاروں میں لگ کر آپ کے لیے جگہ رکھنے کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔

الیکسز گریناڈو کا کہنا ہے کہ ’جہاں پیسے کی بات آتی ہے تو میرے شوہر کو بہت غطیم آئیڈیاز آتے ہیں‘۔

ان کے شوہر سٹیون ویلاسکز کی حال ہی میں نوکری چلی گئی ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں بلیک فرائیڈے کی سیل کے لیے رات سے ہی دکانوں کے باہر قطاریں لگ جاتی ہیں اور یہ جوڑا ان قطاروں میں دوسروں کے لیے جگہ رکھنے کے لیے پیسوں کے بدلے اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔

یہ جوڑا کیلیفورنیا کے علاقے اپ لینڈ کی کسی بھی دکان کے باہر قطار میں دوسروس کے لیے جگہ رکھنے کے لیے 50 ڈالر لے رہا ہے۔

قطار میں لگنے کے لیے پیسے لینا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اس کا رحجان بڑھ رہا ہے۔

برطانوی ویب سائٹس ’ٹاسک ریبٹ‘ اور ’بِڈ وائن‘ پر اپنی خدمات پیش کر کے لوگ ایک وقت میں 15 سے 10 پاؤنڈ کما لیتے ہیں۔

تاہم امریکہ میں دستیاب 'پلیس' نامی ایپ صرف اس مقصد کے لیے بنائی گئی ہے کہ جو لوگ قطاروں میں لگنے کے لیے بہت مصروف رہتے ہیں وہ اس ایپ کے ذریعے دوسروں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بلیک فرائیڈے: بہترین شاپنگ کے آٹھ گُر

بلیک فرائیڈے یا مبارک فرائیڈے؟

علی بابا پر ایک منٹ میں ایک ارب ڈالر کی مصنوعات فروخت

Image caption بلیک فرائیڈے سیل کا تصور امریکہ میں شروع ہوا تھا جمعے کو امریکہ میں کتنے لوگ شاپنگ کریں گے؟

امریکہ کی نیشنل ریٹیل فیڈریشن کے مطابق جمعے اور پیر کے درمیان ساڑھے 16 کروڑ افراد شاپنگ کے لیے دکانوں کا رُخ کریں گے۔

بلیک فرائیڈے سیل کا تصور امریکہ میں شروع ہوا تھا اور حپ 'تھینکس گیوِنگ' کی چھٹی کے بعد آنے والے جمعے کو منعقد کی جاتی ہے اور اس دن وہاں قومی سطح پر چھٹی ہوتی ہے۔

الیکسز اور سٹیون کا کہنا ہے کہ اس کام سے انھیں گھر کا خرچہ چلانے میں مدد ملے گی۔ وہ دونوں باقاعدہ نوکری کی تلاش میں ہیں لیکن اس وقت تک وہ جہاں ہو سکے اس قسم کی دیہاڑیاں لگا رہے ہیں۔

ان دونوں میں سے کسی نے ایسا پہلے نہیں کیا اور الیکسز کا کہنا ہے کہ 'مجھے پورا یقین ہے کہ ہم ایسا پہلی اور آخری مرتبہ نہیں کر رہے اور اگر آپ سوچیں تو یہ پیسے کمانے کا آسان طریقہ ہے'۔

انھوں نے اپنی خدمات کا اشتہار سوشل میڈیا پر دیا تو کئی لوگوں نے اس میں دلچسپی دکھائی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ قطار میں ایک اچھی جگہ رکھیں گے اور اگر ان کی خدمات حاصل کرنے والا مطمئن نہ ہوا تو پیسے نہیں لیں گے۔

الیکسز کا کہنا ہے کہ 'ہم کبھی بےگھر ہوا کرتے تھے تو اس لیے قطاروں میں لگنا ہمارے لیے تکلیف دہ نہیں ہے اور یہ کہ پیسہ ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔'